LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

اسلام آباد (اردو ٹائمز) سربراہ پاک بحریہ کا امریکہ کا دورہ

اسلام آباد، 16 اکتوبر 25 (اردو ٹائمز): سربراہ پاک بحریہ کا امریکہ کا دورہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے دوطرفہ بحری تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے کی جاری کوششوں کے تحت امریکہ کا دورہ کیا۔

دورے کے دوران نیول چیف نے امریکی ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف آپریشنز وائس ایڈمرل ایویٹ ڈیوڈز (Yvette Davids) اور قائم مقام وائس کمانڈنٹ، یوایس کوسٹ گارڈ وائس ایڈمرل تھامس جی ایلن جونیئر Thomas G. Allan Jr سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پیشہ ورانہ تربیت اور میری ٹائم تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) کا دورہ کیا اور صدر وائس ایڈمرل پیٹر اے گارون (Peter A. Garvin) سے ملاقات کی۔ امیر البحر نے امریکی محکمہ خارجہ کا بھی دورہ کیا اور سیاسی وعسکری امور کے بیورو میں ڈپٹی اسسٹنٹ سکریٹری سٹینلے ایل براؤن(Stanley L. Brown) سے ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں سیاسی اور عسکری تعاون، بحری سلامتی، باہمی صلاحیتوں میں اضافے کے مواقع اور مشترکہ بحری مفادات پر بات چیت کی گئی۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے امریکی سکالرز اور تھنک ٹینک کے ماہرین سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مشترکہ میری ٹائم کوششوں میں پاک بحریہ کے تعاون پر روشنی ڈالی۔

یہ دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان پائیدار دفاعی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور میری ٹائم سکیورٹی کو فروغ دینے کے باہمی عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
X