اسلام آباد (اردو ٹائمز) پاک ویلز کا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاندار آٹو شو کاانعقاد
اسلام آباد۔28دسمبر (اردو ٹائمز): پاک ویلز کے زیر اہتمام وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاندار آٹو شو کا کامیاب انعقاد کیاگیاجس میں بڑی تعداد میں گاڑیوں کے شوقین افراداور خریداروں نے شرکت کی۔آٹو شو کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی کار ساز کمپنیوں کو ایک چھت تلے اکٹھا کرنا تھا تاکہ وہ جدید خصوصیات کی حامل گاڑیاں نمائش کیلئے پیش کر سکیں۔تقریب کے دوران شرکا کو مفت ٹیسٹ ڈرائیوز کی سہولت بھی فراہم کی گئی جس سے ایونٹ کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔ تقریب میں تقریباً 20 آٹوموبائل کمپنیوں نے اپنے سٹالز لگائےجن میں ہیول پاکستان، ہونڈا پاکستان، کیپیٹل اسمارٹ موٹرز، جیٹور پاکستان، کیا پاکستان، ایم جی موٹرز پاکستان، چیری پاکستان اور دیگر شامل تھیں۔ ان کمپنیوں کی منفرد اور دیدہ زیب گاڑیوں کی نمائش نے شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
ہیول اس ایونٹ میں سب سے زیادہ مقبول برانڈ کے طور پر سامنے آیا جہاں دن بھر بڑی تعداد میں لوگ موجود رہے اور یہ برانڈ شرکا کی اولین پسند بنا رہا۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ہیول پاکستان کے نمائندے ریحان ظفر نے کہا کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ لوگوں نے دیگر برانڈز کے مقابلے میں ہیول کی گاڑیوں پر زیادہ اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے بتایا کہ 200 سے زائد مفت ٹیسٹ ڈرائیوز کروائی گئیں جو ایک ریکارڈ ہے۔ہمیں ملنے والا غیر معمولی ردعمل ایونٹ کی کامیابی کا ثبوت ہے۔انہوں نے ہیول کی مقبولیت کی وجہ ماہر ٹیم اور جدید خصوصیات سے بھرپور گاڑیاں قرار دیں جن میں جدید ڈیزائن، کشادہ لگج اسپیس، آرام دہ اسٹیئرنگ، ہموار گیئر ٹرانسمیشن، آرام دہ سیٹسں، بہتر فیول ایوریج اور شاندار کارکردگی شامل ہیں۔
انہوں نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی مستقبل میں بھی معیاری اور مناسب قیمت میں بہترین گاڑیاں فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔آٹو شو میں شریک ایک شہری نے اے پی پی کو بتایا کہ تمام برانڈز دیکھنے کے بعد ہیول جدید سہولیات اور قیمت کے بہترین امتزاج کی وجہ سے نمایاں رہی۔انہوں نے کہا کہ میں نے ٹیسٹ ڈرائیو لی جو بہت دلچسپ رہی۔ میں نے موقع پر ہی گاڑی بک کروالی ہے اور جلد ہی آئی نائن تھری میں واقع ہیول ایکسپیرینس سینٹر جا کر خریداری مکمل کروں گا۔انہوں نے دیگر افراد کو بھی ہیول شورومز کے دورے کی دعوت دی۔میگا آٹو شو میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور مختلف کمپنیوں کی جانب سے پیش کی گئی مقامی طور پر اسمبل اور تیار کردہ گاڑیوں کی تعریف کی۔




