LOADING

Type to search

قومی قومی خبریں

اسلام آباد (اردو ٹائمز) قائدِ اعظم قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار و دیانت داری کے علمبردار تھے: حذیفہ رحمان

اسلام آباد (اردو ٹائمز) قائدِ اعظم قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار و دیانت داری کے علمبردار تھے: حذیفہ رحمان قائدِ نے واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر استوار ہوگی: ذولفقار چیمہ قائد اعظم کی زندگی و تعلیمات جدید قومی شعور کی آئینہ دار تھیں: میاں محمد جاوید، عکسی مفتی، فیصل زاہد ملک و دیگر کا سیمینار سے خطاب نوجوان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگی کو بامقصد بنائیں اور عملی میدان میں کامیابی حاصل کریں۔ قائدِاعظم قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور دیانت داری کے علمبردار تھے اور انہی اصولوں پر عمل کر کے ایک ترقی یافتہ اور مستحکم پاکستان کی تشکیل ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت، حذیفہ رحمان نے نظریۂ پاکستان کونسل کے زیرِ اہتمام بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے 149ویں یومِ پیدائش کے موقع پر قومی سیمینار “ قائدِاعظم اور جدید قومی شعور” میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے آج کی نوجوان نسل قومی ہیروز اور ان کے وژن سے دور ہوتی جا رہی ہے جبکہ معاشرے میں برداشت، رواداری اور باہمی احترام جیسی اقدار کمزور پڑتی جا رہی ہیں، جن کے فروغ کے لیے قائدِاعظمؒ کی تعلیمات سے رہنمائی لینا ناگزیر ہے۔

اس موقع پر وزیرِ مملکت نے تحریکِ پاکستان اور قائدِاعظمؒ کی حیات و خدمات سے متعلق پینٹنگز کی نمائش اور کتاب میلے کا افتتاح بھی کیا جس کا اہتمام وزارت اطلاعات کے تحت ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹرونک میڈیا و پبلیکیشز کے شعبہ سی ڈی سی نے کیا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے قائد اعظم کی حیات و خدمات کے حوالے سے تاریخی و دستاویزی کتب پر مشتمل ایک خصوصی سٹال بھی لگایا تھا۔

مجلس صدارت میں شامل چیئرمین نظریۂ پاکستان کونسل میاں محمد جاوید نے کہا کہ نوجوانوں کو قائدِ اعظمؒ کی سیرت کو مشعلِ راہ بنانا چاہئیے کہ کیسے ایک متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے قائدِ اعظمؒ نے محنت، عزم اور استقامت کے ذریعے تاریخ میں منفرد مقام حاصل کیا۔

مجلس صدارت سے دوسرے مقرر سابق انسپکٹر جنرل پولیس، ممتاز دانشور ذوالفقار احمد چیمہ نے قائدِ اعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے عظیم خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظمؒ نے متعدد مواقع پر واضح کیا کہ پاکستان کی بنیاد اسلامی اصولوں پر استوار ہوگی۔

سیمینار سے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ عکسی مفتی، نظریۂ پاکستان کونسل کے سینئر وائس چیئرمین اور چیئرمین و ایڈیٹر اِن چیف پاکستان آبزرور فیصل زاہد ملک، تحریکِ نوجوانانِ پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل، پازیٹو پاکستان کے چیئرمین عابد اقبال کھاری پروفیسر ڈاکٹر شیر علی، وحید شریف، محمد داؤد کیف، ایمبیسیڈر صلاح الدین چوہدری اور مصنفہ و سماجی کارکن نعیم فاطمہ علوی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی زندگی و تعلیمات جدید قومی شعور کی آئینہ دار تھیں۔ انہوں نے اپنے اپنے خطاب میں قائدِ اعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور نوجوانوں کو قومی تاریخ سے روشناس کرانے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔

سیمینار میں سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنور محمد دلشاد، چیئرپرسن تعلیم نیٹ ورک سینیٹر رزینہ عالم خان، نظریۂ پاکستان کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سینئر رکن عبداللہ یوسف سمیت معزز شخصیات، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ڈائریکٹر پروگرامز حمید قیصر نے کی۔

WP2Social Auto Publish Powered By : XYZScripts.com
X