اسلام آباد (اردو ٹائمز) بینائی کی بحالی: نور سعودی رضاکارانہ پروگرام 2025 کے تحت کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے پاکستان بھر میں 20 مفت آنکھوں کے علاج کے کیمپس مکمل کر لیے
اسلام آباد (اردو ٹائمز) کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے نور سعودی رضاکارانہ پروگرام 2025 کے تحت پاکستان بھر میں 20 جامع مفت آنکھوں کے علاج کے کیمپس کامیابی سے مکمل کر لیے ہیں۔ یہ اقدام البصر انٹرنیشنل فاؤنڈیشن اور ابراہیم آئی ہسپتال، کراچی کے تعاون سے عمل میں لایا گیا، جس کا مقصد کمزور اور محروم طبقات، بالخصوص ان افراد کو معیاری آنکھوں کی طبی سہولیات فراہم کرنا تھا جنہیں مالی مشکلات یا خصوصی طبی سہولیات تک محدود رسائی کا سامنا ہے۔
یہ کیمپس سندھ، بلوچستان، پنجاب اور آزاد جموں و کشمیر کے شہری و دیہی علاقوں میں اس حکمت عملی کے تحت لگائے گئے جہاں آنکھوں کی دیکھ بھال کی خدمات محدود ہیں۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد قابل علاج بینائی کی بیماریوں کی بروقت تشخیص و علاج کے ذریعے نابینائی سے بچاؤ اور افراد کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا تھا۔
اس مہم کے دوران مجموعی طور پر 79,161 طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ 8,085 کامیاب آنکھوں کے آپریشنز انجام دیے گئے جن میں موتیا اور دیگر بینائی کو متاثر کرنے والی بیماریوں کا علاج شامل تھا۔ اس کے علاوہ 20,096 مفت عینکیں فراہم کی گئیں اور ماہر طبی عملے کی جانب سے تجویز کردہ ادویات بھی موقع پر فراہم کی گئیں۔ یہ کیمپس اُن علاقوں میں منعقد کیے گئے جہاں آنکھوں کے علاج کی سہولیات محدود تھیں، جس سے ہزاروں افراد کو بروقت اور زندگی بدل دینے والا علاج میسر آیا۔
یہ انسانی خدمت کا پروگرام عالمی صحت کے فروغ اور قابلِ انسداد اندھے پن کے خاتمے کے لیے مملکتِ سعودی عرب کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے ان کیمپس کے ذریعے ہزاروں مریضوں کی زندگی میں روشنی واپس لا کر ایک روشن مستقبل کی امید دی ہے۔


