اسلام آباد (اردو ٹائمز) موٹروے پولیس کی عید کے موقع پر بھرپور کارروائیاں، زائد کرایہ وصولی پر مسافروں کو لاکھوں روپے واپس

اسلام آباد (اردو ٹائمز): عیدالفطر کے موقع پر موٹروے پولیس کی جانب سے ملک بھر میں خصوصی مہم جاری ہے، جس کے تحت زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اب تک 60 لاکھ 76 ہزار 866 روپے زائد کرائے کی مد میں وصول کیے گئے تھے، جو مسافروں کو واپس کروا دیے گئے ہیں۔اسی دوران 3 کروڑ 7 لاکھ 31 ہزار 400 روپے مالیت کے جرمانے اوورلوڈ مسافر گاڑیوں پر عائد کیے گئے ہیں۔
آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ کا کہنا ہے کہ عید کے موقع پر بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر موٹروے پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ “شہریوں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانا موٹروے پولیس کی اولین ترجیح ہے۔”مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ زائد کرایہ یا اوورلوڈنگ سے متعلق کوئی شکایت درج کروانا چاہیں تو موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔